اسلام آباد: پاکستان کی آئندہ دو ماہ کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد مہنگے سودوں کی زد میں آگئی، عالمی سپلائرز نے اسپاٹ خریداری کے لیے بھاری نرخ پیش کردیئے، جس کے باعث گیس کی درآمدی لاگت میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے دسمبر اور جنوری میں ترسیل کے لیے موصول ہونے والی تجارتی پیشکشوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ موصولہ بولیوں میں ایک ایل این جی کارگو کی قیمت میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔حکام کے مطابق بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے فی کارگو کم سے کم قیمت 24 ارب 28 کروڑ 16 لاکھ روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ نرخ 27 ارب 77 کروڑ 60 لاکھ روپے پیش کیے گئے ہیں۔ اس طرح مختلف سپلائرز کی پیشکشوں میں فی کارگو قیمت کا فرق 3 ارب روپے سے بھی زیادہ ہے۔
دو کارگوز کی خریداری کے لیے کم ترین بولیاں موصول
رپورٹ کے مطابق دو ایل این جی کارگوز کی خریداری کے لیے کم ترین نرخ پیش کرنے والی کمپنیوں کی بولیاں مزید غور و خوض کے لیے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے بورڈ کو بھجوا دی گئی ہیں۔ان دونوں پیشکشوں کی مجموعی مالیت 24 ارب 28 کروڑ سے 24 ارب 43 کروڑ روپے کے درمیان بتائی گئی ہے۔ اب پی ایل ایل بورڈ موصول ہونے والی بولیوں کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا کہ ان نرخوں پر ایل این جی کی خریداری ملکی مفاد میں ہے یا نہیں۔
حتمی فیصلہ پی ایل ایل بورڈ کرے گا
ایل این جی کی خریداری سے متعلق موصولہ پیشکشوں کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں قبول یا مسترد کرنے کا حتمی اختیار پی ایل ایل بورڈ کے پاس ہوگا۔