سوئی گیس کی قلت اور کم پریشر کے باعث ایل پی جی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی سرکاری نرخوں کے بجائے بلیک میں فروخت کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق سرکاری نرخ 241 روپے فی کلو مقرر ہیں، جبکہ مارکیٹ میں ایل پی جی 410 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔شہریوں کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ایل پی جی کی قیمت 330 روپے سے بڑھ کر 370 سے 410 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔کم گیس پریشر کے باعث شہری کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، تاہم اس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔