لاہور میں گیس کے کم پریشر اور عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے ایل پی جی کا استعمال بڑھ گیا ہے۔
شہریوں کے مطابق کئی علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گیس دستیاب ہی نہیں۔ کھانا پکانے کے لیے شہری ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں دکاندار سرکاری نرخ نامے کو نظر انداز کرتے ہوئے ایل پی جی من مانے داموں فروخت کر رہے ہیں۔ سرکاری قیمت کے مطابق ایل پی جی 279 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہی ایل پی جی 450 روپے فی کلو تک فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی اور ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق گیس آتی نہیں اور ایل پی جی خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی قلت اور ایل پی جی کی زائد قیمتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت یقینی بنانے کے لیے کارروائی کی جائے۔