نیویارک: دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم سیریز ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ کے نئے گیم ’جی ٹی اے 6‘ نے ریلیز سے قبل ہی مبینہ طور پر آمدنی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
گیم کی باضابطہ ریلیز سے دو روز قبل ہی اس کے پیشگی آرڈرز سے ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد آمدنی حاصل ہونے کا تخمینہ سامنے آیا ہے۔امریکی جریدے فوربز کے مطابق مارکیٹ ریسرچ کمپنی سینسر ٹاور نے اندازہ لگایا ہے کہ جی ٹی اے 6 کے پیشگی آرڈرز کے ذریعے اب تک تقریباً ایک ارب 54 کروڑ ڈالر کی آمدنی ہو چکی ہے، جبکہ گیم کی ایک کروڑ 58 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہونے کا تخمینہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گیم کے تقریباً 75 فیصد پیشگی آرڈرز پلے اسٹیشن صارفین کی جانب سے کیے گئے، جبکہ باقی 25 فیصد آرڈرز ایکس باکس کے لیے موصول ہوئے۔تاہم جی ٹی اے سیریز کی مالک کمپنی ٹیک ٹو انٹرایکٹو نے تاحال پیشگی آرڈرز اور فروخت کے حتمی اعدادوشمار جاری نہیں کیے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ گیم کی طلب ابتدائی توقعات سے کہیں زیادہ ہے۔ماہرین کے مطابق جی ٹی اے 6 کی مقبولیت اور پیشگی آرڈرز کی غیر معمولی تعداد کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ یہ گیم رواں سال کے اختتام تک فروخت کے اعتبار سے 3 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کر لے۔ویڈیو گیم انڈسٹری میں جی ٹی اے 6 کی ریلیز کو ایک بڑا ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی متوقع فروخت نے ریلیز سے پہلے ہی گیمنگ مارکیٹ میں غیر معمولی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔