مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی، نجی کمپنیوں کے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
5 کلوگرام آٹے کا تھیلا 40 روپے مہنگا ہونے کے بعد 1190 روپے کا ہوگیا، جبکہ فی کلو قیمت میں بھی 8 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد نجی کمپنیوں کا آٹا 238 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کے گھریلو بجٹ کو مزید متاثر کردیا ہے، کیونکہ آٹا روزمرہ استعمال کی بنیادی غذائی ضرورت ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے، جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ اب آٹے جیسی بنیادی ضرورت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہے۔شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے باعث معیاری آٹے کی خریداری بھی مشکل ہوتی جارہی ہے۔ کم آمدنی والے طبقے کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔