گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، عوام کی مشکلات میں شدت

گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، عوام کی مشکلات میں شدت

ویب ڈیسک: ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال نے اشیائے خورونوش کی فراہمی کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق گندم اور آٹے کی طلب کے مقابلے میں رسد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے آٹے اور گندم کی ترسیل پر پابندی نے دیگر صوبوں کے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

 کراچی میں چند ہی دنوں کے دوران 100 کلوگرام گندم کی قیمت میں 2000 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، گندم کی بوری 7200 سے بڑھ کر 9300 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 5 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

 پشاور میں 100 کلو گرام گندم کی بوری 9800 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے سے زائد میں دستیاب ہے۔

 کوئٹہ میں بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں گندم کی بوری 9600 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 2130 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

 اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بھی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ راولپنڈی میں گندم کی فی من قیمت 3700 روپے اور لاہور میں 3500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ تینوں شہروں میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایکس مل ریٹ 1450 روپے تک پہنچ گیا ہے اور مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فائن میدہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے نہ صرف آٹے کی فراہمی متاثر ہوگی بلکہ ڈبل روٹی اور دیگر بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس سے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑے گا۔