مہنگائی پر انتظامیہ نے 44مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ بھجوا دیا
تھانوں کی بجائے تحصیل سطح پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تعینات کیے جائینگے، افسروں کی نئی فہرستیں تیار
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں جاری مہنگائی کی لہرپر شہر کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو برطرف کر دیا گیا۔کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور گرانفروشی روکنے میں ناکامی پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف انتظامی کارروائی مکمل کر لی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کردیا۔ پرائس کنٹرول کیلئے مختلف محکموں سے تعینات افسروں سمیت مجموعی طور پر 44 افسروں کو فارغ کردیاگیا۔ پرائس کنٹرول کے پرانے نظام کو ختم کرکے نئی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تھانوں کی بجائے تحصیل سطح پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تعینات کیے جائینگے۔پیرا فورس، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو پرائس کنٹرول کے اختیارات دینے کی تیاری ، نئے پرائس کنٹرول نظام کے تحت افسروں کی نئی فہرستیں تیار کی جائینگی۔