نئی دہلی: بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک بار پھر تادیبی کارروائی کی زد میں آگئے۔
آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں جارحانہ انداز میں جشن منانے پر انہیں باضابطہ سرزنش کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔یہ واقعہ 13 نومبر کو نیوزی لینڈ کے شہر ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا، جب گرنور برار نے اننگز کے 12ویں اوور کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم سائیفرٹ کو آؤٹ کیا۔ وکٹ حاصل کرنے کے بعد بھارتی بولر نے جارحانہ انداز میں جشن منایا، جسے آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کے منافی قرار دیا۔آئی سی سی کے مطابق گرنور برار کا انداز آؤٹ ہونے والے بیٹر کے لیے توہین آمیز محسوس ہوسکتا تھا اور اس سے مخالف کھلاڑی اشتعال میں بھی آسکتا تھا۔ اسی بنیاد پر انہیں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔ یہ آرٹیکل کسی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان، اشاروں یا رویے کے استعمال سے متعلق ہے۔
گرنور برار نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری رنجن مدوگالے کی تجویز کردہ سزا قبول کرلی، جس کے باعث معاملے کی باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔واضح رہے کہ 25 سالہ بھارتی فاسٹ بولر کے خلاف رواں سال یہ دوسری تادیبی کارروائی ہے۔ اس سے قبل جولائی میں انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ون ڈے میچ کے دوران بیٹر کی جانب نامناسب اور خطرناک انداز میں گیند پھینکنے پر انہیں وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔حالیہ کارروائی کے بعد گرنور برار کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ڈی میرٹ پوائنٹس کھلاڑی کے ڈسپلنری ریکارڈ میں 24 ماہ تک برقرار رہتے ہیں۔ اگر اس دوران کسی کھلاڑی کے ڈی میرٹ پوائنٹس چار تک پہنچ جائیں تو انہیں دو سسپینشن پوائنٹس میں تبدیل کردیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں کھلاڑی پر میچز کی پابندی عائد ہوسکتی ہے۔