اسرائیلی ڈرون حملے: ایران کے میزائل سسٹمز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، تہران میں دفاعی نظام متحرک

اسرائیلی ڈرون حملے: ایران کے میزائل سسٹمز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، تہران میں دفاعی نظام متحرک

ویب ڈیسک: اسرائیلی فوج نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی ڈرونز نے ایران کے راکٹ لانچرز اور بیلسٹک میزائل تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے ایرانی میزائل سسٹمز اور بیلسٹک تنصیبات پر مربوط اور منصوبہ بند حملے کیے۔ اسرائیلی فضائیہ کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی جوہری، بیلسٹک اور کمانڈ صلاحیتوں کو کمزور کرنا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے CNN کے مطابق، اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اب تک ایران کی 70 سے زائد فضائی دفاعی بیٹریوں کو تباہ کیا جا چکا ہے، جن میں اصفہان سمیت 12 مختلف مقامات شامل ہیں۔ ان میں زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذخیرے بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔اسرائیلی ڈیفنس فورس (IDF) کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ حملوں کا مقصد ایران کے دفاعی نظام کو اس حد تک نقصان پہنچانا ہے کہ تہران اور دیگر اندرونی علاقوں تک رسائی آسان ہو جائے۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق، ایران کے دارالحکومت تہران میں فضائی دفاعی نظام مسلسل متحرک ہے اور اسرائیلی حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔سی این این کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی۔خطے میں جاری حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ان حملوں کو نہایت اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، اور ماہرین کے مطابق، یہ کارروائیاں مشرق وسطیٰ میں کسی بڑی جنگ کے خدشات کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔