وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور عمان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تین لاکھ سے زائد پاکستانی عمان میں مقیم ہیں اور وہاں کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ مزید ہنرمند پاکستانیوں کو عمان بھیجنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ ہو سکے۔
عمانی سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے کہا کہ عمان اور پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔