بس ٹرمینل کے قریب شرپسندوںنے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی‘ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت کے سرمیں گولی لگی
راولاکوٹ (آئی این پی)آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت علی شہید ہو گئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 مسلح حملہ آور بھی مارے گئے ۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پونچھ ریجن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی صبح تقریبا 10 بج کر 30 منٹ پر راولا کوٹ کے علاقے متیالمیرا بس ٹرمینل کے قریب مسلح عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر شدید اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے جنھیں فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نا کر شہید ہو گئے۔