مسلح جتھوں نے متیال میرہ بس ٹرمینل راولاکوٹ کے قریب شہری آبادی پر فائرنگ کی‘انتشاری کمیٹی کے سابق مقدمات کی واپسی کا نوٹیفکیشن منسوخ
راولاکوٹ‘مظفرآباد (آئی این پی)کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں کے راولاکوٹ میں سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے میں ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق منگل کی صبح مسلح جتھوں نے متیال میرہ بس ٹرمینل راولاکوٹ کے قریب شہری آبادی پر فائرنگ کی، پولیس نے امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے کے لیے پیش قدمی کی توپولیس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس کی مدد کے لیے تعینات رینجرز کی نفری صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے موقع پر پہنچی، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں کی فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا۔دریں اثناء آزاد کشمیر حکومت نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے قانون شکن انتشاری عناصرکیخلاف زیروٹالرنس کا اعلان کرتے ہوئے انتشاری کمیٹی کے سابقہ مقدمات کی واپسی کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا جس کے بعد میرپور پولیس نے دوبارہ قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔میر پور آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، توڑ پھوڑ، جلا گھیرا اور اہلکاروں پر حملوں سے متعلق مقدمات کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔