حکومت پنجاب محفوظ، مضبوط اور ٹیکنالوجی سے لیس شہری ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے‘ سمارٹ سٹیز جدید ریاستوں کیلئے لازم و ملزوم ہیں
مریم نواز کی قیادت میں سیف سٹیز اتھارٹی جدید، محفوظ اور ترقی یافتہ شہروں کے قیام کی راہ ہموار کر رہی ہے:وزیر اطلاعات کا کانفرنس سے خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں آسیان پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے حکومت پنجاب محفوظ، مضبوط اور ٹیکنالوجی سے لیس شہری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ لاہور میں آسیان کے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ پروگرام شہری ترقی کے چیلنجز جیسے سکیورٹی، گورننس، وسائل، ماحولیاتی مسائل اور جرائم پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ اسمارٹ سٹیز جدید ریاستوں کے لیے ناگزیر ہیں، جہاں مصنوعی ذہانت (AI) اور حقیقی ڈیٹا پر مبنی نظام ضم ہوں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مصنوعی ذہانت شہری سکیورٹی نظام کو ڈیٹا پر مبنی، پیش گوئی کرنے والا اور فوری ردعمل دینے والا بناتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں آسیان کیپیسٹی بلڈنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی 24 اضلاع میں فعال ہے اور لاہور میں 8,000 سے زائد AI کیمرے شہری سکیورٹی اور ٹریفک نظم کو بہتر بنانے کے لیے نصب کیے گئے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی کے تحت ‘‘میری آواز مریم نواز’’ ورچوئل وویمن پولیس اسٹیشن خواتین کو فوری مدد فراہم کرتا ہے، جبکہ ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر گمشدہ بچوں اور بزرگوں کی فوری بازیابی میں معاون ہے۔ اس کے علاوہ، ورچوئل سنٹر برائے اقلیتی امور اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے اور ورچوئل ایمرجنسی بلڈ بینک ایمرجنسی میں خون کی فوری دستیابی کو ممکن بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 333 پینک بٹنز ہنگامی پولیس رسپانس کو تیز کرتے ہیں، اور AI ٹریفک وائلیشن ڈیٹیکشن سسٹم اور ای چالان کے ذریعے ٹریفک نظم بہتر بنایا گیا ہے