سی پیک پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے گیم چینجر ہے:شہبازشریف

 ایم کیو ایم نے عوامی فلاح کے ہر اقدام میں حکومت کا ساتھ دیا:وزیراعظم کی چینی اورایم کیو ایم کے  وفدسے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کی قومی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ کی قیادت میں چین کے ایک اعلیٰ سطح کے  وفد نے ملاقات کی۔چینی مہمانان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد اور دوطرفہ و علاقائی اہمیت کے حامل امور پر سٹریٹجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا ایک منفرد رشتہ قائم کیا ہے۔وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، جس میں زراعت، آئی ٹی، صنعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے، انہوں نے کہا  وہ اپنے آئندہ سرکاری دورہ چین کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر برائے وفاقی تعلیم و کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات ہوئی‘ شہبازشریف نے کہا ہے  ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے جس نے حکومت کا عوامی فلاح کے حوالے سے ہر اقدام میں ساتھ دیااورحکام کو ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز پر غور کرنے اور ایک قابل عمل و جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے