فلپائن میں طوفان "مان یی" کی تباہی، 8 افراد ہلاک

فلپائن میں طوفان

ویب ڈیسک:فلپائن کے مشرقی صوبے کیٹنڈوانز سے ٹکرانے والا طوفان "مان یی" شدید نقصان کا سبب بن گیا ہے، جس کے نتیجے میں 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ طوفان فلپائن میں ایک ماہ کے دوران آٹھواں طوفان ہے اور اس نے حکومتی انتظامیہ کو بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔طوفان کی شدت نے مسلسل سیلابی صورتحال پیدا کی جس کی وجہ سے گھروں میں پانی داخل ہوگیا، اور ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ فلپائن کی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں پناہ گزین کیمپ قائم کیے ہیں اور امدادی سامان کی فراہمی جاری رکھی ہے۔فلپائن میں اکتوبر میں آنے والے طوفان "ٹرامی" اور "کونگ-رے" کے نتیجے میں بھی 162 افراد ہلاک اور 22 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ان طوفانوں کی وجہ سے فلپائن کا مشرقی اور جنوبی حصہ سخت متاثر ہوا ہے۔

اب "مان یی" طوفان فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد ویت نام کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں طوفان کی شدت 135 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے۔ حکام نے ویت نام میں طوفان کے اثرات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔فلپائن اور ویت نام میں آنے والے اس طوفان نے ماہرین کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ان کے تدارک کے لئے اقدامات کی اہمیت پر غور کرنے پر مجبور کیا ہے۔