فلپائن کے وسطی ساحلی علاقے سیبو میں 6.9 شدت کے زلزلے نے شدید تباہی مچا دی۔
زلزلے کے نتیجے میں مختلف حادثات میں کم از کم 69 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے آیا، اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ مرکز بوگو شہر کے شمال مشرق میں 17 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔زلزلے کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کی گئیں، جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، ایک سپورٹس کمپلیکس گر گیا، اور متاثرہ علاقوں میں گرجا گھروں، پلوں اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا۔حکام نے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے، آج سکولز اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں پانی، ادویات اور دیگر ضروری سامان روانہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔