چلی میں طوفان اور شدید بارشوں سے تباہی، 13 افراد ہلاک، 7 لاپتہ

چلی میں طوفان اور شدید بارشوں سے تباہی، 13 افراد ہلاک، 7 لاپتہ

جنوبی امریکی ملک چلی میں شدید بارشوں، طوفانی ہواؤں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ 7 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں اور ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔سرکاری حکام نے بتایا کہ 15 جولائی سے شروع ہونے والے شدید موسمی سلسلے نے ملک کے مختلف حصوں میں معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ مسلسل بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث 2 ہزار 800 سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ سیکڑوں خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق شدید سیلابی ریلوں نے کئی علاقوں میں سڑکیں، پل اور بنیادی انفراسٹرکچر بہا دیا، جس کے باعث 60 ہزار سے زائد افراد مختلف علاقوں میں محصور ہو گئے ہیں۔ امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ہیلی کاپٹروں اور خصوصی ریسکیو ٹیموں کے ذریعے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔چلی کے صدر خوسے انتونیو کاسٹ نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت (ایمرجنسی) نافذ کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 حکومت کے مطابق بجلی، پانی، مواصلات اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریاؤں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان موجود ہے، جس کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات برقرار رہ سکتے ہیں۔ریسکیو ادارے لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو عارضی پناہ گاہوں، خوراک، صاف پانی اور طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔