پنجاب حکومت نے مقامی گندم خریداری ترک، پاسکو سے خریداری کرلی

گندم شارٹ فال روکنے کیلئے پاسکو سے مہنگے داموں تین لاکھ میٹرک ٹن خریدنے کا اعلان
لاہور(زیڈ این این) پنجاب حکومت نے کسانوں سے گندم کی خریداری نہیں کی، جبکہ اب پاسکو سے گندم مہنگے داموں خریدنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے گندم کے شارٹ فال کو روکنے کے لیے پاسکو سے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا بجٹ منظور کیا ہے۔حکومت پاسکو سے فی من 4,150 روپے کے حساب سے گندم خرید رہی ہے، جبکہ مارکیٹ میں یہ گندم 3,000 روپے فی من پر عوام کو ریلیز کی جائے گی۔ اس کے نتیجے میں ہر من گندم پر حکومت 1,150 روپے سبسڈی دے گی، اور مجموعی طور پر منظور شدہ بجٹ 8 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مقامی سطح پر بروقت خریداری کی جاتی تو اربوں روپے کی سبسڈی کی ضرورت نہ پڑتی۔ حکومت نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ مارکیٹ میں استحکام اور آٹے کی قیمت کو قابو میں رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔پاسکو سے گندم کی خریداری سے گندم کی فراہمی یقینی بنانے اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بروقت اور سستے داموں گندم فراہم کی جا سکے۔