قتل و غارت کرنیوالے پاکستان کے دشمن فورسز کی قربانیوں کا قرض قیامت تک نہیں اتارسکتے:شہبازشریف
چین دوست ملک ہے جس نے اپنے وسائل سے گوادر ایئرپورٹ تحفے میں دیا ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے‘ ورلڈ بینک اگلے 10 برسوں میں پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا
پرائم منسٹر ریلیف پیکج مستحقین تک پہنچانے کے لئے نئی موثر حکمت عملی بنائی جائے:وزیراعظم کا اجلاس میں اظہار خیال‘ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنے، موثر نگرانی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی
اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے، قتل و غارت کرنے والے بلوچستان کے عوام ہی نہیں پاکستان کے بھی دشمن ہیں، ورلڈ بینک اگلے 10 برسوں میں پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے کہا غزہ میں بالآخر اتنی تباہی اور خوں ریزی کے بعد صرف 42 روز کیلئے جنگ بندی ہوئی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ غزہ میں عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں بدل جائے،، غزہ کی تعمیر نو کا مرحلہ جلد آنے والا ہے، پاکستان اپنے تئیں جو بھی کرسکتا ہے کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ گوادر ایئرپورٹ نے گزشتہ روز باقاعدہ کام شروع کردیا، یہ خوش آئند بات ہے اور انتہائی اہم منصوبہ ہے، چین کی جانب سے مہیا کیے گئے 230 ملین ڈالر کی لاگت سے یہ منصوبہ مکمل ہوا، گوادر ایئرپورٹ پاکستان کے بڑے ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے، اگر یہ ایئرپورٹ کاروباری مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے تو بلوچستان اور پاکستان کی معیشت کو کتنا فائدہ پہنچے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ جو لوگ اس وقت پاکستان سے دشمنی پر اترے ہوئے ہیں اور قتل و غارت کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں، آج انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ وہ قتل و غارت کرکے نہ صرف بلوچستان کے عوام کے خلاف جارہے ہیں بلکہ یہ پاکستان کے ساتھ صریحا دشمنی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ چین جیسا دوست ملک، جس نے اپنے وسائل سے یہ ایئرپورٹ تحفے میں دیا ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی بندرگاہیں پہلے ہی تنگ ہیں، وہاں آمد و رفت کا بے تحاشہ بوجھ ہے، ایسے میں گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی بینک نے ایک طویل مدتی شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آئندہ 10 سالوں میں مختلف شعبوں میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کی جائے گی، گوکہ یہ قرضہ ہے مگر ہمیں اس کو خوش آمدید کہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، دسمبر میں ماہانہ بنیاد پر تاریخ کی بلند ترین آئی ٹی ایکسپورٹ ہوئی ہیں جو 348 ملین ڈالر رہیں، آئی ٹی برآمدات تیزی سے آگے جارہی ہیں، اس میں جتنا اضافہ کریں گے پاکستان کو اتنا فائدہ ہوگا۔دریں اثناء وفاقی کابینہ کے اجلاس پاکستان میں کام کرنے والے بیرون ملک کے موجودہ 86 پائلٹس کے لائسنز کی توثیق میں 2 سال کی توسیع کی منظوری سمیت اہم فیصلے کیے گئے-وزیراعظم آفس جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر پاکستان میں کام کرنے والے بیرون ملک کے موجودہ 86 پائلٹس کے لائسنز کی توثیق میں 2 سال اور 2025 میں نئے پائلٹس کی شمولیت کی فارن ویلیڈیشن میں 3 سال کی توسیع کی منظوری دے دی-بیان کے مطابق وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گزشتہ سالوں میں کووڈ کی وبا اور پاکستانی پائلٹس پر پابندی کی وجہ سے پاکستانی ائیرلائنز کو بیرون ملک سے پائلٹس کی خدمات حاصل کرنی پڑیں، کابینہ ڈویژن کی مذکورہ بالا سفارش پر مکمل قانونی کارروائی کے بعد عمل درآمد کیا جائے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے توشہ خانہ کے نظام میں مزید شفافیت لانے کے لیے توشہ خانہ ایکٹ 2024 پر نظر ثانی کے لیے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر نیشنل اسییڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے قوائد وضوابط کی منظوری دے دی-وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی ذمہ داری وزارت آئی ٹی سے وزارت داخلہ کو منتقل کئے جانے کے حوالے سے رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کی منظوری دے دی- وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر نشینل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی اپیلیٹ ٹریبیونل کے ممبر فنانس کے طور پر ڈاکٹر عمار حبیب خان کی تعیناتی کی منظوری دے دی- وزیراعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنے، اس عمل کی مثر نگرانی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔وزیراعظم نے کہا کہ پرائم منسٹر ریلیف پیکج مستحقین تک پہنچانے کے لیے نئی مثر حکمت عملی بنائی جائے۔