پاکستان میں پہلی مرتبہ موٹر ویز پر ریسکیو سروسز کے لیے ایمبولنس سروس شروع کی جائیگی:مریم نواز

 پنجاب میں روڈ سیفٹی کو مزید بہتر بنا رہے ہیں، ٹریفک ایکسیڈنٹ متاثرین کے لیے ریسکیو 1122 سروسز کو مزید اپ گریڈ کر رہے ہیں
ٹریفک قوانین پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب کا عالمی دن پر پیغام ،سڑک حادثات میں جدا ہونے والوں کے لیے دعامغفرت

لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر روڈ سیفٹی کے لیے ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ روڈ ایکسیڈنٹ متاثرین کی یاد میں عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںوزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں۔ انہوں نے اپنے پیغام ان سب کیلئے دعا مغفرت کی جو سڑک حادثات کی وجہ سے جدا ہو گئے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں روڈ سیفٹی کو مزید بہتر بنا رہے ہیں تاکہ کسی کے گھر کا چراغ نہ بجھے، حادثات سے بچا ئوکیلئے 600 سے زائد روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ موٹر ویز پر ریسکیو سروسز کے لئے ایمبولنس سروس کا آغاز کر رہے ہیں، مخصوص خدمت مراکز پر ٹریفک پولیس ماہرین کی نگرانی میں ڈرائیورز ٹریننگ پروگرامز جاری ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹریفک ایکسیڈنٹ متاثرین کے لیے ریسکیو 1122 سروسز کو مزید اپ گریڈ کر رہے ہیں، پاکستان کی پہلی ائیر ایمبولینس سروس مریضوں کو گولڈن اور میں منتقل کر رہی ہے پر مریم نواز نے مزید کہا کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین پرعمل درآمد عادت بنائیں۔