پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ(نوجوان کھلاڑیوں کوبھرپور مواقع فراہم کریں گے: مریم نواز)

صوبے میں یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اصولی فیصلہ ، جامع پلان طلب ، وزیراعلیٰ کاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا حکم
سپورٹس ایونٹس معاشرے میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں، امن ہوگا تو کھیل ہوں گے، 300گرائونڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، عالمی دن پر پیغام 
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک؍آئی این پی) پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا جامع پلان طلب کر لیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے۔اسی طرح صوبے میں یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کے حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے جامع پلان طلب کر لیا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے، خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع ملیں گے، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملازمین کی تنخواہوں میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔دریں اثناء کھیلوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کھیل اور امن کا عالمی دن منانے کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کے مثبت کردار کو اجاگر کرتا ہے، سپورٹس ایونٹس معاشرے میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں، امن اور کھیل لازم و ملزوم ہیں، امن ہوگا تو کھیل ہوں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ کھیل نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت اور برداشت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کھیلتا پنجاب پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پنک گیمز امن اور مساوی ترقی کا استعارہ ہیں، حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے گرائونڈ اور جمنیزیم بنا رہی ہے، پنجاب میں 300 گرائونڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ نوجوانوں، معمر افراد، معذور افراد اور دیگر پسماندہ علاقوں کے ہر نوجوان کو سپورٹس کے مساوی مواقع مہیا کئے جا رہے ہیں، کھیل کیلئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کئے جائیں گے اور سپورٹس انڈوومنٹ فنڈز کو مزید بڑھائیں گے۔