شاہدرہ ٹائون : کروڑوں مالیت کی منشیات کی ترسیل ناکام

ملزم عدنان کی نشان دہی پر پورے گروہ گرفتار، مختلف مقامات پر فروخت کرتے تھے
 لاہور(کرائم رپورٹر)شاہدرہ ٹائون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی ترسیل ناکام بنا دی۔پولیس نے کارروائی کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔منشیات فروشی کا نیٹ ورک شاہدرہ ٹان پولیس کی گرفت میں آگیا۔ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائر قاضی علی رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی میں 330کلو منشیات برآمدکر لی گئی ہے۔ملزم عدنان کے قبضہ سے 134کلو چرس اور 88کلو افیون ملزم ذیشان کے قبضہ سے 10کلو 800گرام چرس اور ملزمان ہاشم اور عثمان کے قبضہ سے 9 کلو 600گرام چرس برآمد ہوئی۔ملزمان شہر کے پوش ایریا میں منشیات لا کر تعلیمی اداروں سمیت مختلف مقامات پر فروخت کرتے تھے۔ملزم عدنان کی نشان دہی پر پورے گروہ کو گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے زیر استعمال گاڑی کو بھی پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے۔