لاہور(کرائم رپورٹر)بسنت کے تہوار نے ایک بار پھر لاہور کو خوشیوں اور رنگوں کا شہر بنا دیا، جس میں اہلیانِ لاہور کے بھرپور تعاون نے ان خوشیوں کو ہزار گنا بڑھا دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بسنت کے کامیاب انعقاد پر شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور پولیس، لاہوریوں کے تعاون کی دل سے شکر گزار ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق شہریوں نے ہر مرحلے پر پولیس کا ساتھ دیا اور تمام طے شدہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کر کے ایک مثال قائم کی۔ انہوں نے بتایا کہ پتنگ اور ڈور سازی، موٹر سائیکلوں پر حفاظتی تاروں کا استعمال اور ہوائی فائرنگ کی مکمل روک تھام ایس او پیز کے عین مطابق رہی۔لاہوریوں نے مقررہ وقت کے مطابق 6 فروری رات 12 بجے پتنگ بازی کا آغاز کیا، جس سے نظم و ضبط اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت ملا۔ شہریوں کے اس مثبت رویے کی بدولت بسنت ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہورنے امید ظاہر کی کہ شہریوں کے تعاون سے بسنت کا اختتام بھی شاندار اور پْرامن ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بسنت کا مقررہ وقت آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گا، لہٰذا شہری پتنگ بازی سمیت تمام تقریبات بروقت ختم کر دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رات 12 بجے کے بعد پولیس اور ڈرونز کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے گی، جبکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔لاہور پولیس نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے خوشیوں کو محفوظ اور ذمہ دارانہ انداز میں منائیں۔