لاک ڈائون میں سستی برداشت نہیں:فیصل کامران

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہورمحمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ ہم سموگ کے خلاف ایمرجنسی کی حالت میں ہیں۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی نرمی نہیں ہو گی۔ تمام افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں، سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموگ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں کے سرپرائزدورے کے موقع پرافسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی اْنکے ہمراہ تھے۔ فیصل کامران نے گلبرگ، لبرٹی مارکیٹ،برکت مارکیٹ اور ٹاؤن شپ مارکیٹ میں اوقات کارپر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے  کالج روڈ اور واپڈا ٹاؤن کے اطراف میں بھی چیکنگ کی۔ڈی آئی جی آپریشنزنے لاک ڈاؤن پرعمل درآمد کی تسلی بخش صورت حال پر شاباش دیتے ہوئے ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو، موبائل اسکواڈسمیت دیگر پٹرولنگ ٹیموں کو مکمل متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ فیصل کامران نے مزید کہاکہ ڈولفن کی 122اور پی آر یوکی50 ٹیمیں رات کی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ لاک ڈاؤن کے ساتھ سیکورٹی صورت حال پر کڑی نظر رکھی جائے۔