لاہور‘ملتان میں ہیلتھ ایمر جنسی نافذ‘اتوار تک لاک ڈائون(سکول‘کالج‘یونیورسٹیاں بند)

دونوں شہروں میں ایک ہفتے کے لئے تعمیراتی سرگرمیوں پر  پابندی  ،پنجاب بھرکے سکولوں میں بچوں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھا دی گئیں، ہائیرسیکنڈری اور یونیوسٹیاں آن لائن ہوں گی ،ریسٹورنٹس شام 4بجے بند  ‘ 8بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی 
مریم نواز نے سموگ کے لئے 10سال کا منصوبہ بنایا تھا جس پر سب محکموں کو اہداف دے کرعملدرآمد شروع کیاگیا‘شادیوں کے حوالے سے آئندہ سال کے لئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پلاننگ کریں گے:مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس

لاہور (سپیشل رپورٹر) سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ،جمعہ ،ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈائون ہوگا جبکہ دونوں شہروں میں ایک ہفتے کے لیے تعمیراتی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہو گی ،پنجاب بھرکے سکولوں میں بچوں کی چھٹیاں بڑھا دی گئیں، ہائیرسیکنڈری اور یونیوسٹیوں کو آن لائن کر دیا گیا ،ریسٹونٹس شام 4بجے بند ہوں گے اور 8بجے تک صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی ،سموگ پر سیاست نہیں کی جاسکتی یہ انسانی جانوں کا سوال ہے،کلائوسیڈنگ کے لیے بادل چاہیے ہوتے ہیں،حکومت تو قوانین پر عملدرآمدکررہی ہے لیکن شہریوں کوبھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، شادیوں کے حوالے سے آئندہ سال کے لیے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پلاننگ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سموگ بارے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سموگ نیشنل ڈیزاسٹر کی حیثیت حاصل کرچکی ہے۔اب پنجاب کے باقی اضلاع بھی اس سے متاثر ہورہے ہیں اورسموگ میں اس وقت فوگ بھی شامل ہوگئی ہے۔باقی سال فوگ کے نہ ہونے کی وجہ سے سموگ نظر نہیں آتی۔یہی وجہ ہے کہ مارچ میں وزیراعلی مریم نواز نے سموگ کے لیے 10سال کا منصوبہ بنایا تھا جس پر سب محکموں کو اہداف دے کرعملدرآمد شروع کیاگیا۔کل سپریم کورٹ کے سموگ کمیشن کے ممبران سے ملاقات کی اور ان سے سموگ بارے اقدامات پربات چیت کی،میں جج صاحب کو خود بھی بریفنگ دینا چاہتی ہوں۔ ہسپتالوں میں اوپی ڈی شام8 بجے تک رہے گی۔سانس،گلے اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سے متعلق ادویات کا اسٹاک ہسپتالوں کو فراہم کردیا گیا ہے۔ 1122کوایمبولینسز میں سانس کی بیماریوں کے آلات لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔مریم اورنگزیب کا کہناتھا کہ پنجاب میں 25ہزار کے قریب مریض ہسپتالوں میںآئے ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں میں 7065 لوگ آئے ہیں۔ ہیلتھ ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے۔مریم اورنگزیب نے عوام سے درخواست کی کہ موٹربائیکس پر سفر کم کریں کیونکہ یہ تین ما ہ کے لیے سموگ کی مینجمنٹ ہے اور اس وقت ہم سب کی صحت رسک پر ہے۔ آج سے سموگ کے خاتمے کے لیے ہم ڈی ٹوکس کیمپین شروع کررہے ہیں سب افراد،فنکاراور صحافی اس میں اپنا اپنا کردار اداکریں۔