ایران کا 220 امریکی فوجی مارنے اور کئی قیدی بنانے کا دعویٰ، اسرائیل کے اصفہان اور نجف پر حملے، جنوبی لبنان میں رہائشی عمارت پر بمباری، درجنوں شہید

مجتبیٰ خامنہ ای سپریم لیڈر منتخب،اسرائیل کی ہر جانشین کو مارنے کی دھمکی
 سپریم لیڈر کے باضابطہ اعلان میں تاخیر سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ہے، نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے حوالے سے زیادہ تر ارکان متفق ہو چکے ہیں تاہم عمل سے متعلق کچھ رکاوٹیں ابھی باقی ہیں
 ارکان کے درمیان اس بات پر معمولی اختلاف موجود ہے کہ حتمی فیصلہ باقاعدہ بالمشافہ اجلاس کے بعد کیا جائے یا موجودہ حالات میں اس رسمی عمل کے بغیر ہی اعلان کر دیا جائے:ایرانی میڈیا 
تہران: (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے مجلس خبرگان نئے لیڈر پر متفق ہوگئی، اسرائیل نے خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔رکن مجلس خبرگان محمد میر باقر نے کہا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے حوالے سے زیادہ تر ارکان متفق ہو چکے ہیں تاہم عمل سے متعلق کچھ رکاوٹیں ابھی باقی ہیں جنہیں حل کرنا ضروری ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان کے اکثریتی ارکان مجتبیٰ خامنہ ای کو سپریم لیڈر منتخب کرنے پر متفق ہیں، اراکین کا اتفاق رائے عوام کی مرضی اور شہید سپریم لیڈر کے طرز عمل کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ اراکین کی مختلف آراء￿  ہیں، لیکن اختلاف رائے مخلصانہ ہے، کوئی سیاسی مقاصد نہیں، سپریم لیڈر کے باضابطہ اعلان میں تاخیر سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز اسمبلی کے ایک اور سینئر رکن نے بتایا تھا کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے ارکان ایک دن کے اندر اجلاس کریں گے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ارکان کے درمیان اس بات پر معمولی اختلاف موجود ہے کہ حتمی فیصلہ باقاعدہ بالمشافہ اجلاس کے بعد کیا جائے یا موجودہ حالات میں اس رسمی عمل کے بغیر ہی اعلان کر دیا جائے۔اسمبلی آف ایکسپرٹس کے رکن آیت اللہ محسن حیدری نے کہا کہ موجودہ حالات میں حتمی ووٹنگ کے لیے اسمبلی کا براہ راست اجلاس ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک امیدوار کا انتخاب کر لیا گیا ہے جو مرحوم سپریم لیڈر کی اس ہدایت کے مطابق ہے کہ ایران کا اعلیٰ رہنما ایسا ہونا چاہیے جسے دشمن ناپسند کرے نہ کہ اس کی تعریف کرے۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ وہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنانا جاری رکھے گی،اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ ریاست اسرائیل نہ صرف ہر جانشین بلکہ ہر اس شخص کا پیچھا کرتی رہے گی جو جانشین مقرر کرنا چاہتا ہے۔اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ ہم ان تمام لوگوں کو خبردار کرتے ہیں جو جانشین کے انتخاب کے اجلاس میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں کہ ہم آپ کو بھی نشانہ بنانے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
(ددوسرا انٹرو)
تہران: ( مانیٹرنگ ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں جنگ دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے، اسرائیل اور امریکا کے حملوں میں شدت آ گئی ہے جبکہ ایران کی جانب سے بھی بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، ایران نے 220 امریکی فوجی مارنے اور کئی قیدی بنانے کا دعویٰ کیا ہے جسے امریکی سنٹرل کمانڈ نے رد کر دیا۔اسرائیل کے لبنان اور ایران پر وحشیانہ حملے جاری ہیں، اصفہان کے 8 شہروں پر فضائی حملے کیے گئے، نجف آباد پر بھی بمباری کی گئی جس میں درجنوں افراد شہید ہو گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے، لبنان میں اسرائیل نے رہائشی عمارت کو تباہ کر دیا جس میں بچوں سمیت 20 شہری شہید ہو گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں فوجی اڈوں، میزائل لانچر اور پاسداران انقلاب کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایران نے اس امریکی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی پر بم برسائے گئے، اسرائیل نے ایران کے 80 لڑاکا طیارے بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔