مریم نواز شریف کی باکو میں ورلڈ اربن فورم میں شرکت

مریم نواز شریف کی باکو میں ورلڈ اربن فورم میں شرکت

باکو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آذربائیجان کے سرکاری دورے پر باکو پہنچ گئیں جہاں انہوں نے انٹرنیشنل ورلڈ اربن فورم میں شرکت کی۔

ورلڈ اربن فورم کی آمد پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ان کی اہلیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف کے اعزاز میں گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب باکو اولمپک اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ورلڈ لیڈرز سمٹ سے کلیدی خطاب کریں گی۔ اپنے خطاب میں وہ پنجاب حکومت کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام "اپنی چھت، اپنا گھر" کو عالمی سطح پر پیش کریں گی۔

حکام کے مطابق پنجاب کا سستا ہاؤسنگ ماڈل پاکستان پویلین میں بین الاقوامی مندوبین کے سامنے بطور کیس اسٹڈی بھی پیش کیا جائے گا، جس کا مقصد پاکستان کے ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے اقدامات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔دورے کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں اور مندوبین سے ملاقاتوں اور شہری ترقی، ہاؤسنگ اور پائیدار شہروں کے موضوعات پر تبادلہ خیال کا بھی امکان ہے۔