باکو: وزیراعظم شہباز شریف اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان پہنچے، جہاں انہوں نے صدارتی محل زوولبا میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم کی آمد پر آذربائیجان کے صدر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر غور ہوگا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے، جو تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں مدد دیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جہاں وہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ منصوبوں پر روشنی ڈالیں گے۔