وزیرِ اعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم 2026 میں شرکت کے لیے ڈیووس روانہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم 2026 میں شرکت کے لیے ڈیووس روانہ

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس 2026 میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہو گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم 19 سے 23 جنوری 2026 تک ڈیووس میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔وزیرِ اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اقتصادی امور احد چیمہ, وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ, معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر سینیئر حکام شامل ہیں۔دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی اہم سفارتی اور اقتصادی مصروفیات ہوں گی۔ وہ مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت اور بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان کے عالمی تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

دورے کا ایک اہم حصہ بزنس راؤنڈ ٹیبل ہے، جس کا مشترکہ اہتمام پاکستان اور ورلڈ اکنامک فورم کر رہے ہیں۔ اس فورم میں عالمی سطح کی نمایاں کمپنیوں کے رہنما بھی شریک ہوں گے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے یا اپنی موجودہ سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔وزیرِ اعظم کی اس شرکت کو پاکستان کے لیے عالمی سطح پر اقتصادی شراکت داری بڑھانے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے مواقع پیدا کرنے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔