وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی (PSDP) سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ سال کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کی تقسیم پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران رواں سال کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے حامل اور مؤثر نتائج دینے والے منصوبوں کو ترجیح دی جائے، اور ایسے منصوبوں پر ہی قومی وسائل خرچ کیے جائیں جن کے واضح اور مثبت اثرات سامنے آئیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی ترجیحات میں سرفہرست ہیں، جبکہ ڈیمز اور آبی ذخائر میں اضافے کے منصوبوں کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
اجلاس میں داسو ڈیم، دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم سمیت اہم آبی و توانائی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجرا اور عالمی مارکیٹ میں اس کی پذیرائی پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی کارکردگی کو سراہا۔اجلاس میں ریلوے، آئی ٹی اور پاور سیکٹر کی کارکردگی کو بھی بہتر قرار دیا گیا جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔