وزارتوں کی اصلاح کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

وزارتوں کی اصلاح کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور گورننس کے نظام میں مؤثر تبدیلی کے لیے ہر شعبے کے ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وزارت بجلی کی اصلاحات، گورننس کی بہتری اور نقصانات میں کمی سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ نیشنل الیکٹرسٹی پلان کے تحت وزارت میں 134 تزویراتی نکات پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سات دہائیوں پرانا فرسودہ نظام اب ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن چکا ہے، جب تک نظام کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کیا جاتا، ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس وسائل اور نوجوان افرادی قوت کی صورت میں قیمتی اثاثے موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

 وزیراعظم نے وزارت بجلی میں اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت نے اصلاحات کے ذریعے قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا ہے، جو دیگر وزارتوں کے لیے مثال بن سکتی ہے۔وزیراعظم نے ماہرین کی معاونت سے تمام وزارتوں میں جدید گورننس ماڈلز متعارف کروانے اور بہترین افرادی قوت کی بھرتی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی کے قیام کی ہدایت دی۔ یہ کمیٹی وزارت بجلی کے ماڈل کو بنیاد بناتے ہوئے دیگر وزارتوں اور اداروں میں تنظیمِ نو کی تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، احد چیمہ، اویس لغاری، شزہ فاطمہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیف کوآرڈینیٹر مشرف زیدی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔