وزیراعظم شہباز شریف گلگت بلتستان پہنچ گئے، جہاں وہ ایک روزہ دورہ کریں گے۔
اس دوران وہ متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور چار دانش اسکولز کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ پرائم منسٹر آفس میڈیا ونگ کے مطابق، وزیرِ اعظم کا استقبال گورنر سید مہدی شاہ اور نگران وزیرِ اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے کیا۔ اس کے علاوہ، وفاقی وزراء احسن اقبال، سردار اویس احمد خان لغاری، عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیرِ اعظم نے گورنر گلگت بلتستان اور نگران وزیرِ اعلیٰ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دورے کے دوران، وہ قابلِ تجدید توانائی (سولر بجلی)، سیف سٹیز، لیپ ٹاپ اسکیم، اور یوتھ بزنس و ایگری لون اسکیم کا افتتاح کریں گے۔ علاوہ ازیں، وہ گلگت بلتستان میں 4 دانش اسکولز کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔