کراچی میں فلم “سائیکو” کا شاندار ٹریلر ریلیز، شوبز شخصیات کی شرکت

کراچی میں فلم “سائیکو” کا شاندار ٹریلر ریلیز، شوبز شخصیات کی شرکت

کراچی میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی رونق اُس وقت عروج پر پہنچ گئی جب نئی ایکشن اور تھرلر فلم “سائیکو” کی شاندار تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں فلم کا سنسنی خیز ٹریلر پہلی بار پیش کیا گیا اور اس نے شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی۔

تقریب میں شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے شرکت کی، جن میں شان شاہد، سونیا حسین، میرا اور شبیر جان شامل تھے۔ فلمی ستاروں کی موجودگی نے ایونٹ کو مزید یادگار بنا دیا۔فلم “سائیکو” ایک نفسیاتی اور سماجی تھرلر کے انداز میں پیش کی گئی ہے، جس میں انسانی ذہن کی پیچیدگیوں، معاشرتی مسائل اور جذباتی کشمکش کو موضوع بنایا گیا ہے۔ ٹریلر کی نمائش کے دوران حاضرین نے مناظر کو دلچسپی سے دیکھا اور فلم کو خوب سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے کہا کہ فلم میں سسپنس اور ڈرامہ بھرپور انداز میں پیش کیا گیا ہے اور شان شاہد نے ان کی خواہش پر اس کی ہدایت کاری کی۔ انہوں نے تمام فنکاروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ “سائیکو” ایک ایسی فلم ہے جو عالمی معیار کے مطابق بنائی گئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ہدایتکار و اداکار شان شاہد نے کہا کہ فلم کی کہانی انسانی ذہن، حقیقت اور وہم کے درمیان فرق کو اجاگر کرتی ہے اور ناظرین کے لیے ایک منفرد تجربہ ہوگی۔ ان کے مطابق فلم کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ سوچنے پر مجبور کرنا بھی ہے۔واضح رہے کہ فلم “سائیکو” عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔