عمران اشرف کی فلم "کٹر کراچی" کا ٹریلر ریلیز، 20 دسمبر کو سینما گھروں میں ہوگی ریلیز

عمران اشرف کی فلم

پاکستان کے معروف اداکار عمران اشرف، جو جلد بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں، ریپر طلحہ انجم کی ڈیبیو فلم "کٹر کراچی" میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

 اس فلم کے ٹریلر کی حالیہ ریلیز نے مداحوں میں بے حد دلچسپی پیدا کی ہے، جس میں کنزہ ہاشمی اور سید جمیل بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔"کٹر کراچی" ایک سنسنی خیز کرائم تھرلر ہے، جس کی کہانی کراچی کے تاریک اور حقیقت پسندانہ ماحول میں گھومتی ہے۔ فلم میں عمران اشرف "مافیا باس" کے روپ میں نظر آ رہے ہیں، جو کراچی کی روشنیوں پر حکمرانی کے لیے تیار ہے۔ دوسری جانب طلحہ انجم اپنے مقام کے دفاع کے لیے آخری حد تک لڑنے کو تیار ہیں۔ کنزہ ہاشمی کا کردار بھی روایتی انداز سے مختلف ہے۔فلم کے ٹریلر نے شائقین کو شدت، کرداروں کی گہرائی اور کراچی کے گلی کوچوں کی عکاسی سے متاثر کیا ہے۔ "کٹر کراچی" 20 دسمبر 2024 کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔