ملزمہ انمول عرف پنکی کا عدالت میں جذباتی مؤقف سامنے آگیا

ملزمہ انمول عرف پنکی کا عدالت میں جذباتی مؤقف سامنے آگیا

ملزمہ انمول عرف پنکی نے کراچی کی مقامی عدالت میں پیشی کے دوران پولیس پر تشدد کا الزام عائد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے میں درج قتل کیس میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو کراچی جوڈیشل کمپلیکس میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کا الزام لگایا۔سماعت کے دوران عدالت نے ملزمہ سے استفسار کیا کہ اگر تشدد ہوا ہے تو کیا اس کی پہلے شکایت عدالت میں کی گئی تھی اور کیا وکیل نے میڈیکل کرانے کی درخواست دی ہے۔ملزمہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اس پر متعدد تفتیشی افسران نے تشدد کیا ہے اور اسے سخت رویے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ عدالت میں اس کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

سماعت سے قبل تفتیشی افسر نے ملزمہ کو بات کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت پولیس ریمانڈ میں ہے اور اپنے وکیل سے بات کرے۔ اس دوران کمرہ عدالت میں ماحول کشیدہ ہو گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے میڈیا کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت دی اور کہا کہ صرف کیس سے متعلق وکلاء ہی اندر رہیں گے۔ بعد ازاں سماعت کے دوران سادہ لباس اہلکاروں اور صحافیوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، جس سے کمرہ عدالت میں شور شرابا پیدا ہو گیا۔