شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سپلائی اور فروخت میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر مرغی خانہ پل، ملیر ندی کے قریب کی گئی، جہاں ملزمان کو منشیات کی ترسیل کے دوران حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد میں شاکر نوید، عبدالمنان، نوید خالق اور دو خواتین فضیلہ (زوجہ شاکر نوید) اور ناہد (زوجہ نوید خالق) شامل ہیں۔ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق گرفتار ملزمان آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں جبکہ مرد و خواتین ملزمان میاں بیوی کے رشتے میں بھی جڑے ہوئے ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 25 کلو سے زائد (25,200 گرام) اعلیٰ کوالٹی چرس اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔پولیس کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی مالیت 50 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ منشیات کراچی کے پوش علاقوں میں سپلائی اور فروخت کی جانی تھی۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس نیٹ ورک میں خواتین کو بھی منشیات کی ترسیل اور فروخت کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، تاکہ پولیس کی نظر سے بچا جا سکے۔ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں منشیات کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے آپریشن مزید تیز کیا جائے گا۔