پاکستانی مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے اپنے شوہر اداکار و ہدایتکار یاسر نواز سے متعلق دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں وہ ان سے خوفزدہ رہتی تھیں۔
ایک انٹرویو میں ندا یاسر نے بتایا کہ جب یاسر نواز نے انہیں شادی کی پیشکش کی تو وہ زیادہ پُرجوش نہیں تھیں کیونکہ یاسر ان سے عمر میں بڑے تھے اور اس وقت ان کی داڑھی اور شخصیت انہیں کافی سخت محسوس ہوتی تھی۔ندا یاسر کے مطابق شروع میں انہیں یاسر نواز کی شخصیت سے ڈر لگتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ ان کے تعلقات بہتر ہوتے گئے اور شادی شدہ زندگی میں ایک نیا سفر شروع ہوا۔انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین کا رشتہ بہت متوازن اور برابری پر مبنی تھا، جہاں ان کی والدہ کو زیادہ پابندیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا تھا، تاہم ان کی اپنی شادی اس سے مختلف رہی۔ندا یاسر نے مزید کہا کہ انہیں اکثر مختلف معاملات میں یاسر نواز سے اجازت لینا پڑتی تھی، جو ان کے مطابق یاسر نواز کے خاندانی ماحول اور تربیت کا حصہ ہو سکتا ہے۔