میزبان و اداکارہ ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں اداکار ہمایوں سعید کی زندگی سے جڑا ایک سنگین واقعہ شیئر کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ ہمایوں سعید تھائی لینڈ میں ایک خطرناک حادثے کا شکار ہوئے تھے۔
ندا یاسر کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہمایوں سعید ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران تھائی لینڈ میں جیٹ اسکیئنگ کر رہے تھے۔ دورانِ اسکیئنگ وہ اچانک پھسل گئے، جس کے باعث ان کا جبڑا فریکچر ہو گیا۔ندا نے مزید انکشاف کیا کہ ہمایوں سعید نے علاج کے لیے کسی بھی مقامی یا غیر ملکی ڈاکٹر کے پاس جانے کے بجائے اپنے قریبی دوست اور ندا کے بہنوئی، ڈاکٹر فراز نواز (جو کہ ایک ماہر ڈینٹل سرجن ہیں) سے ہی علاج کروانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر فراز نواز پر اس قدر اعتماد ظاہر کیا کہ اپوائنٹمنٹ کے انتظار میں صرف درد کم کرنے کی ادویات (پین کلرز) پر گزارا کرتے رہے۔
پروگرام میں موجود مہمان اداکاراؤں نتاشا علی، رباب مسعود، حرا عمر اور ثناء عسکری نے اس انکشاف پر حیرت کا اظہار کیا اور ہمایوں سعید کی بہادری اور اعتماد کی تعریف کی۔ ندا یاسر کے مطابق یہ واقعہ ہمایوں کی شخصیت میں موجود صبر، حوصلے اور اپنے قریبی رشتوں پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔