میری والدہ نے میری شادی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا: ندا یاسر

میری والدہ نے میری شادی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا: ندا یاسر

 اداکارہ ندا یاسر نے اپنی 20 سالہ کامیاب ازدواجی زندگی کے حوالے سے اہم باتیں شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی شادی کو مضبوط بنانے میں سب سے بڑا کردار ان کی والدہ کی سمجھداری اور متوازن رویے کا رہا۔

اپنے مارننگ شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ندا یاسر نے کہا کہ شادی کے ابتدائی برسوں میں ان کا مزاج کافی جذباتی تھا اور وہ چھوٹی بڑی باتوں پر فوراً ردعمل دے دیتی تھیں۔ ان کے مطابق جب بھی اپنے شوہر یاسر نواز یا سسرال سے متعلق کوئی مسئلہ پیش آتا تو وہ فوراً اپنی والدہ کے پاس جا کر شکایت کرتی تھیں اور جذباتی ہو کر رونے لگتی تھیں۔ندا یاسر نے بتایا کہ ان کی والدہ انتہائی بردبار اور سمجھدار خاتون تھیں، جو ان کی باتیں تو توجہ سے سنتی تھیں لیکن کبھی بھی صرف ایک فریق کی بات سن کر فوری طور پر فیصلہ نہیں کرتی تھیں۔ وہ ہمیشہ یہ بات ذہن میں رکھتی تھیں کہ غصے اور جذبات میں انسان اکثر ایسی باتیں کر دیتا ہے جو بعد میں ختم ہو جاتی ہیں۔ان کے مطابق ان کی والدہ نے کبھی بھی ان کی شکایات کو بنیاد بنا کر داماد کے خلاف منفی رائے قائم نہیں کی، بلکہ وہ انہیں یہ سمجھاتی تھیں کہ میاں بیوی کے درمیان ناراضگی وقتی ہوتی ہے اور اکثر کچھ دنوں میں معاملات خود بخود بہتر ہو جاتے ہیں۔

 ندا یاسر نے کہا کہ اگر والدین ہر جھگڑے میں سخت مؤقف اختیار کریں تو اس سے رشتوں میں غیر ضروری دوریاں پیدا ہو سکتی ہیں۔انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی غصہ یا دل آزاری ہو تو فوری طور پر خاندان کے افراد کو شامل کرنے کے بجائے کسی قابلِ اعتماد دوست سے بات کر لینی چاہیے تاکہ جذبات قابو میں رہیں اور مسئلہ زیادہ نہ بڑھے۔ندا یاسر کے مطابق بعض اوقات انسان کو صرف اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، اور ایک اچھے دوست کے ساتھ بات کرنے سے ذہنی سکون مل جاتا ہے اور کئی مسائل خود ہی حل ہونے لگتے ہیں۔ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ مل رہی ہے، جہاں صارفین ان کی والدہ کی دانشمندی اور ازدواجی زندگی سے متعلق عملی مشوروں کو مثبت انداز میں سراہ رہے ہیں۔