ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں منشیات برآمدگی کے تین مقدمات میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف سماعت ہوئی، جس میں ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر سمیت تین گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ تفتیشی افسر نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم سمیر کو بطور رائیڈر منشیات کی ترسیل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، جس نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر انمول پنکی کے نیٹ ورک کی نشاندہی کی۔تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ انمول پنکی اس مقدمے میں مفرور تھی اور رواں سال اسے ایک دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔
گواہان کے بیانات پر جرح کے لیے مہلت طلب
سماعت کے دوران وکیلِ صفائی نے گواہان کے بیانات پر جرح کرنے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
دو مقدمات میں بریت کی درخواست دائر
دوسری جانب ملزمہ انمول پنکی کی جانب سے دو مقدمات میں بریت کی درخواستیں بھی دائر کر دی گئی ہیں، جن میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ کو متعلقہ مقدمات سے بری کیا جائے۔