بیوریجز یونٹ پر چھاپہ ، جعلی فروٹ ڈرنکس کا ذخیرہ ضبط

پاکپتن(خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔ جعلی و غیر معیاری اشیائے خورونوش تیار اور فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر آصف رضا کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اسلام کالونی پاکپتن میں خصوصی کارروائی کرتے ہوئے ایک بیوریجز یونٹ کو سیل کر کے جعلی اور غیر معیاری فروٹ ڈرنکس کا بڑا ذخیرہ ضبط کر لیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے معائنے کے دوران مختلف برانڈز کے جعلی لیبلز کے استعمال، لیبل پر مختلف شہروں کے مینوفیکچرنگ ایڈریس درج ہونے، ریفرکٹومیٹر پر مقررہ معیار سے کم برکس لیول اور غیر مجاز مٹھاس سوکرالوز کی موجودگی کا انکشاف کیا، جس پر فوری طور پر ایمرجنسی پروہیبیشن آرڈر نافذ کرتے ہوئے یونٹ بند کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران 180 سے زائد بوتلیں، خام مال، خالی بوتلیں، ڈھکن اور پیکیجنگ کا سامان قبضے میں لے لیا گیا جبکہ مشروبات کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دئیے گئے ہیں۔