فوڈ اتھارٹی کی کارروائی فوڈ ، ڈرنکس یونٹ بند

پاکپتن (خصوصی رپورٹ)شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اور غذائی جعل سازی کے خاتمے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے عارفوالا میں بہاولنگر روڈ پر واقع فوڈز اینڈ ڈرنکس یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے یونٹ کی سرگرمیاں ہنگامی طور پر بند کر دیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پاکپتن کی زیرِ نگرانی شہری کی شکایت پر کی گئی کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ یونٹ میں دوسرے شہر کا پتہ اور دوسری کمپنی کا لیبل استعمال کرکے فلیورڈ ڈرنکس کی پیکنگ کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران 200 ملی لیٹر فلیورڈ ڈرنک کے 500 پیکٹ، 35 کلوگرام پیکنگ مٹیریل، مکسنگ و فلنگ مشینیں اور دیگر آلات ضبط کر لیے گئے، جبکہ ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروا دی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔