اسحاق ڈار نے مزار کیلئے تیار کردہ خطاطی کے مجوزہ مسودے کی منظوری دیدی
عقیدت مندوں کیلئے مثالی و مربوط انتظامات یقینی بنائے جائیں:نائب وزیراعظم
لاہور(خصوصی رپورٹ)داتا دربار میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کیلئے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا، اس دوران نائب وزیرِاعظم نے داتا دربار پر جاری ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کو بے حد سراہا اور مزار کے روحانی و معماری حسن کو مزید اجاگر کرنے کے لیے تیار کردہ خطاطی کے مجوزہ مسودے کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں سینئر رکن بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، منتظم داتا دربار محمد علی خان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے غسل پروگرام کی بھی منظوری دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زائرین اور عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے مثالی اور مربوط انتظامات یقینی بنائے جائیں،داتا دربار پاکستان کی روحانی عظمت اور تہذیبی ورثے کی درخشاں علامت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ روحانی تقریب کے دوران آنے والے زائرین کو پْرسکون، منظم اور روح پرور ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس سے خطاب میں سینئر رکن بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے کہا کہ حکومتِ پنجاب داتا دربار کی تاریخی و روحانی عظمت کو برقرار رکھتے ہوئے جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف داتا دربار پر صفائی، روشنی، تحفظ، رہائش اور ہجوم کے مو ثر انتظامات سمیت متعدد فلاحی اور ترقیاتی اقدامات پر تیزی سے کام کر رہا ہے، غسل پروگرام کے موقع پر عقیدت مندوں کی بہترین میزبانی اور سہولت کے لیے غیرمعمولی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔