شاہراہوں کامعیار ی کام تیزی سے مکمل کیا جائے :صوبائی وزیر صہیب بھرتھ
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ڈویژن میں شاہراہوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب بھرتھ کی زیرِ صدارت اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔محکمہ سی اینڈ ڈبلیوکے افسروں نے لاہور، ننکانہ صاحب، قصور اور شیخوپورہ میں جاری سڑکوں کی تعمیراور فنڈز کی دستیابی پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات مل سکیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت لاہور ڈویڑن میں31 شاہراہوں پر 37 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔لاہور میں قائداعظم انٹرچینج سے واہگہ بارڈر تک دو رویہ شاہراہ کی تعمیر جاری ہے۔ مانگا رائے ونڈ روڈ کی توسیع، صوئے اصل میں اوور ہیڈ برج، بیدیاں اور سندر روڈز پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔شیخوپورہ میں 9 شاہراہوں اور ایک انڈر پاس جبکہ ننکانہ صاحب میں 7 اور قصور میں 9 شاہراہوں کی تعمیر جاری ہے۔