لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی عاطف امیر نے حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒکے سالانہ عرس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے داتا دربار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر علما کرام، منتظمین، امن کمیٹی کے ارکان، متعلقہ سرکل افسران اور پولیس حکام بھی موجود تھے۔ ایس پی سٹی نے داتا دربار کے گرد و نواح، داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات کا معائنہ کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق عرس سے قبل متعلقہ اداروں کے تعاون سے انتظامی امور مکمل کیے جائیں گے جبکہ داتا دربار کے اطراف سرچ آپریشن بھی جاری ہیں۔ ایس پی سٹی نے کہا کہ عرس کی تقریبات کی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی اور زائرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولیس امن و امان کے لیے الرٹ ہے۔