لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں پتنگ بازی کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران مصری شاہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ پتنگ فروش کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں ملزم ارشد کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ پتنگوں کی ترسیل میں مصروف تھا۔ گرفتاری کے دوران ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے قابو کر لیا۔تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم رکشے اور کاٹن کے ڈبوں کا استعمال کرتے ہوئے پتنگوں کی سپلائی کرتا تھا اور لاہور سمیت دیگر اضلاع میں یہ غیر قانونی کاروبار چلا رہا تھا۔