اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے اپنی موت کے حوالے سے پھیل رہی افواہوں کی تردید کے لیے ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں انہیں اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی کے ساتھ ملاقات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ حالیہ حملوں یا جھوٹی خبروں کے باوجود نیتن یاہو بالکل صحت مند اور زندہ ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنما سوشل میڈیا پر زیر گردش افواہوں پر ہلکے پھلکے انداز میں بات کرتے نظر آئے۔ مائیک ہکابی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے تھے کہ میں آ کر یقین کر لوں کہ آپ ٹھیک ہیں، جس پر نیتن یاہو نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: "ہاں مائیک، میں زندہ ہوں۔"ویڈیو میں نیتن یاہو نے کیمرے کی خرابی کے باعث سامنے آنے والی “چھ انگلیوں” والی سازشی تھیوری کا بھی مذاق اڑایا اور کہا کہ ہم دونوں ہاتھوں میں پانچ پانچ انگلیوں کے ساتھ مصافحہ کرتے ہیں۔
یہ ویڈیو اس افواہ کے بعد سامنے آئی کہ بعض ڈیپ فیک ویڈیوز میں نیتن یاہو کیفے میں کافی پیتے دکھائی دیے، جنہیں ایلوں مسک کے اے آئی پلیٹ فارم گورک نے 100 فیصد جعلی قرار دیا تھا۔ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ذریعے عالمی رہنماؤں کی موت کی جھوٹی خبریں پھیلانا یا ویڈیوز کو جعلی قرار دینا ایک نئی نفسیاتی حکمت عملی ہے، جس کا مقصد تنازعات کے دوران خوف اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔اس ویڈیو کے باوجود سوشل میڈیا پر افواہیں کم نہیں ہوئیں، مگر یہ اقدام عوام اور میڈیا کو اصل صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے۔