"چین نے ٹرمپ کا غزہ پر قبضے کا منصوبہ مسترد کرتے ہوئے کہا: 'غزہ فلسطینی عوام کا ہے'"

چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مصر اور عرب ممالک کے امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

 چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ "غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین کا ناقابل تقسیم حصہ ہے۔" انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ غزہ کی حیثیت میں کسی بھی جبری تبدیلی سے خطے میں مزید بدامنی اور انتشار پھیلنے کا خطرہ ہے۔وانگ ژی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کیا جائے اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہی مشرق وسطیٰ کے تنازعہ کا واحد حل ہے۔ وزیر خارجہ نے تمام فلسطینی گروپوں سے اپیل کی کہ وہ "بیجنگ اعلامیے" پر عمل کریں اور اتحاد قائم رکھیں تاکہ فلسطینی کاز کو مزید تقویت دی جا سکے۔

چینی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین ہمیشہ مشرق وسطیٰ کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور انصاف، امن، اور ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے یہ بھی کہا کہ اگر وہ واقعی غزہ کے عوام کے خیرخواہ ہیں تو انہیں فوری جنگ بندی کی حمایت کرنی چاہیے اور انسانی امداد میں اضافہ کرنا چاہیے۔چین کی طرف سے یہ موقف اس بات کا غماز ہے کہ وہ عالمی سطح پر فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا اور غزہ میں حالات کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے کا خواہاں ہے۔