اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع ابھی ختم نہیں ہوا اور اسرائیل ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے اسرائیلی فضائیہ کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی قومی سلامتی کا ایک اہم ستون اس کی فضائی برتری ہے، جسے برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایران کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم اب بھی نئے سکیورٹی چیلنجز موجود ہیں جن سے نمٹنے کے لیے اسرائیل اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی پالیسی واضح ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے اس حوالے سے کوئی معاہدہ موجود ہو یا نہ ہو۔
نیتن یاہو کے مطابق اگر اسرائیل نے بروقت اقدامات نہ کیے ہوتے تو ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کے قریب پہنچ سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور نئے چیلنجز مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششیں دباؤ کا شکار ہیں اور خطے میں دوبارہ تناؤ بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔