ایرانی میزائل و ڈرون حملوں کے بعد دبئی، کویت اور دوحہ میں دھماکوں سے خلیجی خطے میں شدید ہلچل

ایرانی میزائل و ڈرون حملوں کے بعد دبئی، کویت اور دوحہ میں دھماکوں سے خلیجی خطے میں شدید ہلچل

ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے دوران خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، جس کے باعث پورا خطہ شدید کشیدگی کی زد میں ہے۔

رپورٹس کے مطابق قطر، متحدہ عرب امارات، کویت، سعودی عرب اور بحرین نے حالیہ گھنٹوں میں متعدد میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ قطر کی وزارت دفاع نے بتایا کہ ایک میزائل فضا میں تباہ کر دیا گیا، جبکہ کویت نیشنل گارڈ نے ایک ڈرون مار گرنے کی تصدیق کی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں فضائی دفاعی نظام کو متحرک کیا گیا، اور دبئی سمیت دیگر علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔سعودی عرب نے مشرقی علاقے میں ایک ڈرون کو تباہ کرنے کا اعلان کیا، جبکہ بحرین نے جنگ کے آغاز سے اب تک سینکڑوں میزائل اور ڈرون ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایران نے 28 فروری سے جاری جنگ میں خلیجی ممالک کی جانب سینکڑوں میزائل اور ڈرون داغے، جس میں بڑی تعداد متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے کی تھی۔ ان حملوں سے خطے میں جانی نقصان کے علاوہ معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں، توانائی کی پیداوار متاثر ہوئی اور سیاحت و فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث یومیہ تیل کی پیداوار 21 ملین بیرل سے کم ہو کر 14 ملین بیرل تک پہنچ گئی، جس سے عالمی معیشت پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔